ممبئی، 2؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران زخمی ہو جانے کی وجہ سے آئی پی ایل کے ابتدائی دور سے باہر ہو گئے ہیں۔ویسے 2016میں رنوں کا انبار لگا چکے وراٹ کا بلا آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نہیں بولاہے اوراس کے لیے ان کو تنقیدکا سامنا بھی کرنا پڑا ہے ۔ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی نے بھی وراٹ کوہلی کی کارکردگی کی وجوہات کا اشارتا ذکر کیا تھا۔ان کے مطابق، کہیں وراٹ کوہلی کی توجہ ان کی بلے بازی سے ہٹ گئی ہے، اب سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہر الدین نے کہا ہے کہ وہ سورو کی بات سے متفق تو ہیں، لیکن کہا کہ وراٹ کے کھیلنے کے انداز پر بھی ہمیں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔یہ سابق اسٹائلش بلے باز کرکٹ کلب آف انڈیا میں پہلے ’راج سنگھ ڈونگرپور میموریل اسپرٹ آف کرکٹ لیکچر‘میں سابق ٹیسٹ کھلاڑی یجویندر سنگھ کو سننے کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔اظہر نے سابق بی سی سی آئی اور سی سی آئی صدر راج سنگھ کو بے جوڑ انسان اور اپنے لیے والد جیسا قرار دیا۔واضح رہے کہ اظہر کو اسی وقت ہندوستانی ٹیم کا کپتان بنایا گیاتھا جب راج سنگھ ہندوستانی سلیکشن کمیٹی کے صدر تھے۔اظہر نے زخمی ہندوستانی کھلاڑیوں کے آئی پی ایل دس سے ہٹنے کے فیصلے کو صحیح قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ اگر وہ فٹ نہیں ہیں ،تو پھر انہیں کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ہر کسی کو اپنی فٹنس کی سطح کا اندازہ ہونا چاہیے ۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی سورو گانگولی کے اس بیان کی حمایت کی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ کپتان وراٹ کوہلی کے میدان میں جذبات کے اظہار کرنے سے آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی سیریز میں ان کی بلے بازی متاثر ہوئی ہے ۔اظہر نے کہاکہ میں اس (گنگولی)کے بیان متفق ہوں لیکن وہ اسی طرح سے کھیلتا ہے۔